کاروار:27/ دسمبر(ایس اؤنیوز)اترکنڑا ضلع کے 2اہم ساحلی مقامات پر 28اور29دسمبر کومنعقد ہونے والے دو روزہ پتنگ بازی میلہ میں رنگین اور مختلف قسم کے پتنگوں سے بھرا ہوا آسمان ساحلی نظاروں کو مزید خوب صورتی عطا کرتےہوئے سیاحوں کو لطف اندوزکرے گا۔ ملک ،بیرونی ملک اور ضلع و ریاست سے آنے والے سیاحوں کو ترغیب دیتے ہوئے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے پتنگ بازی کا میلہ منعقد کئے جانے کی جانکاری پریس ریلیز کے ذریعے دی گئی ہے۔
پریس ریلیز کی جانکاری کے مطابق ضلع میں پہلی مرتبہ پتنگ بازی میلے کا انعقاد کیا جارہاہے۔ 28دسمبر کو گوکرن بیچ پر صبح 9بجے سے دوپہر 30-12بجے تک اور کوڈلے بیچ پر شام 30-03بجے سے 30-07بجے تک اور29دسمبر کو کاروار کے رویندرناتھ ٹیگور بیچ پر صبح 9بجے سے دوپہر 30-12بجے تک اور شام 30-03بجے سے 30-06بجے تک پتنگ بازی ہوگی۔
پہلے پتنگ بازی میلے میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے حیدرآباد ، ریاست کے بنگلورو، منگلورو ، میسور ، چک بلاپور کے بین الاقوامی پیشہ ور پتنگ بازی کے ماہروں کی 5ٹیمیں شریک ہونگی جن کے ذریعے 50سے60 قسم قسم کے پتنگوں کی نمائش کی جائے گی۔ اتسوا کے دوران اسکول اور کالجوں کے 250سے زائد طلبا کو پتنگ بنانے اور ہوا میں لہرانے کے متعلق ورکشاپ کا انعقاد کئے جانے کی جانکاری دی گئی ہے۔
پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ ضلع میں پہلی مرتبہ انعقاد کئے جانے والے پتنگ بازی اتسوا کے ذریعے ضلع کی تہذیب و ثقافت ، روایات ورسم کے تعارف کرنے پتنگوں کی نمائش کو ترجیح دی جارہی ہے، صاف آسمان پر پرندے ، جنگلی جانوروں کے روپ والے پتنگ ناظرین کو دلچسپ نظار ہ فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ یکشھ گانا جیسے فنون کو پیش کرنےو الے مختلف النوع پتنگ ساحل پر چھوڑے جائیں گے۔